محسن نقوی کا پی اے ایف ائربیس، جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ، نقصانات کا جائزہ
لاہور؍ میانوالی (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی اے ایف ائر بیس میانوالی اور جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی کو بلوائیوں کے حملے اور نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے پی اے ایف ائر بیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی جرات اور فرض شناسی کو سراہا۔ محسن نقوی نے ائر بیس کے باہر نصب طیارے کے مقام پر بھی معائنہ کیا اور طیارے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے جوڈیشل کمپلیکس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے ہونے والے نقصانات کا مشاہدہ کیا اور جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے دلیر جوانوں نے بہادری کے ساتھ ائربیس پر حملہ ناکام بنایا اور ائیر بیس کو بچایا۔ جس پلاننگ کے تحت دہشتگردوں نے یہاں حملہ کیا اس سے بہت بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔ جن افسروں اور جوانوں نے یہ حملہ ناکام بنایا ہم انہیں میڈلز دینے کی سفارش کریں گے۔ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ایئربیس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ اس حملے میں ملوث کسی بھی شرپسند کو نہیں چھوڑیں گے۔ ائر بیس پر حملہ کرنے والے شرپسند 54 تھے جو گرفتار ہیں جبکہ میانوالی میں کل 323 گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ یہ طیارہ علامتی طور پر بہت اہم ہے اسی لئے یہاں پر آئے ہیں اور اس کے سامنے کھڑے ہوکر آپ سے بات کر رہے ہیں۔ اس طیارے کی اپنی ایک حیثیت اور اہمیت ہے۔ جنہوں نے اس طیارے کو نقصان پہنچایا ہے یا بیس پر حملہ کیا ہے وعدہ ہے کہ کوئی بچ نہیں پائے گا۔ محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی کا بھی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملوں سے پولیس کے زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی۔ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں سے گفتگو میں کہا کہ آپ نے ائر بیس پر بہادری سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا قوم کو آپ پر فخر ہے۔ محسن نقوی نے معروف ادبی شخصیت استاد اور ڈرامہ نگار شعیب ہاشمی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔