انٹر بنک میں ڈالر 11 پیسے سستا، سونا 1100 روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹ) سٹیٹ بنک کے مطابق پیر کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 11 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر 284.97 روپے آ گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 294 روپے برقرار رہی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 2 روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت فروخت 318 روپے سے بڑھ کر 320 روپے ہو گئی اور 4 روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 363 روپے سے بڑھ کر 367 روپے پر جا پہنچی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 1100 روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 35 ہزار 100 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 943 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 1 ہزار 560 روپے پر جا پہنچی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 5 ڈالر کے اضافے فی اونس سونا 2015 ڈالر ہو گیا۔