مال روڈ: الیکٹرانکس مارکیٹ میں آتشزدگی‘ 12 دکانیں تباہ‘ تاجر روتے رہے
لاہور(نامہ نگار)مال روڈ پرہال روڈ کے قریب ایک موبائل اور الیکٹرونکس مارکیٹ میں آتشزدگی سے 12 دکانوں میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کرتباہ ہوگیا ہے جبکہ علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا اور تاجر اپنا نقصان ہوتا دیکھ کر روتے رہے۔تفصیلات کے مطابق مال روڈ پرہال روڈ کے قریب موبائل اور الیکٹرانکس سامان کی دکانوں پر مشتمل دو منزلہ تاریخی عمارت میں گزشتہ روز اچانک آگ بھڑک اٹھی۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے 12 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔بعض تاجر اپنا نقصان ہوتا دیکھ کر دھاڑیں مار کرروتے رہے۔ امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ آتشزدگی سے 12 دکانوں میں موجود کروڑوں روپے مالیت کے موبائل ودیگر سامان جل کرتباہ ہوگیا ہے۔ مارکیٹ میں آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے جبکہ کسی جانی نقصان کی بھی اطلاع نہیں ملی ہے۔ علاوہ ازیں فیروز پور روڈ پر اچھرہ کے قریب ایک پلازے مدینہ ٹاور کی بیسمنٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ جس سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے جبکہ ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا ہے۔