پہلی افغان ایئر کارگو کمپنی نے کام شروع کر دیا
کابل (بی این اے)مفید کارگو لاجسٹکس کمپنی کی افتتاحی تقریب میں افغان قائم مقام وزیر صنعت و تجارت نے ملکی صنعت کاروں سے کہا وہ بین الاقوامی معیار کے ساتھ کام کریں۔ ملک کی پہلی ایئر کارگو کمپنی کے طور پر مفید ایئر کارگو لاجسٹکس کمپنی نے گزشتہ روز کابل ایئرپورٹ پر اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔وزیر صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی نے اس کمپنی کے کام کا آغاز کرتے ہوئے تجارت اور مسابقتی منڈی کو ملکی ترقی کا عنصر قرار دیا اور ملکی صنعت کاروں سے کہا کہ وہ معیاری مصنوعات کی تیاری پر توجہ دیں اور گاہکوں کا اعتماد برقرار رکھیں۔امارت اسلامیہ کی اقتصادی حکمت عملی کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر کی حمایت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے تاجروں کو ایئر کارگو سیکٹر میں بہت سے مسائل درپیش تھے جو اس کمپنی کی سرگرمیاں شروع ہونے سے کم ہوجائیں گے۔وزیر صنعت و تجارت نے کہا وہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی توازن چاہتے ہیں اور ہم اس معاملے کی پیروی کر رہے ہیں۔مفید کارگو کمپنی کابل اور دبئی کے درمیان کام کرے گی اور اس کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اموال کی حد بندی کے چارجز جمع نہیں کرتی ہے۔