ڈی آئی جی آپریشنز لاہورکا ڈولفن ہیڈ کوارٹرز والٹن کا دورہ ، گاڑیوں کا معائنہ
لاہور( نامہ نگار) ڈی آئی جی آپریشنز لاہورصادق علی ڈوگر نے گزشتہ روز ڈولفن ہیڈ کوارٹرز والٹن کا دورہ کیا۔ ایس پی ڈولفن زوہیب نصراللہ رانجھا نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ورکنگ بارے بریفنگ دی۔صادق علی دوگر نے ڈولفن بائیکس و پی آر یو گاڑیوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ڈولفن کنٹرول روم،اوپس روم سمیت دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈولفن و پی آریو جوانوں سے خطاب کیااور کہا کہ ڈولفن فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور پروفیشنل ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
ڈولفن سکواڈ قابل فخر یونٹ اور لاہور پولیس کا چہرہ ہے۔ ہمیں ٹیم ورک کے ذریعے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔جرائم کی بیخ کنی کیلئے ڈولفن جوان فرنٹ لائن سولجر ہیں۔ سٹریٹ کریمینلز کو نکیل ڈالنے میں ڈولفن سکواڈ کا اہم ترین کردار ہے اورشہریوں کی دادرسی کےلئے فرسٹ ریسپانڈر فورس کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ایس پی ڈولفن زوہیب نصر اللہ رانجھا نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سوینئر پیش کیا۔ صادق علی ڈوگر نے ڈولفن ہیڈ کوارٹرز والٹن میں پودا بھی لگایا۔