کوسوو کے سفیر ڈاکٹر باقراسماعیلی کاایف پی سی سی آئی لاہور کا دورہ
لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان میں کوسوو کے سفیرڈاکٹر باقر اسماعیلی کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور کا دورہ، صدر عرفان اقبال شیخ،ریجنل چیئرمین محمدندیم قریشی و دیگر سے ملاقات کی۔ فریقین نے تجارت،سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سیاحت اور کاروباری وفود کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔منسٹری آف فارن افیئرکوسوو کے فرسٹ سیکریٹری میلہان میموتی اور اعزازی کونسل جنرل زاہد انجم بھی سفیر کے ہمراہ تھے۔عرفان اقبال شیخ اور محمد ندیم قریشی نے کہاکہ فی الحال پاکستان اور کوسوو کے مابین تجارت کے نہ ہونے کے ساتھ ساتھ کوئی تجارتی معاہدی بھی نہیں ہے،تاہم دونوں ممالک اپنی تجارت اور معاشی تعاون کو بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں ایک بڑی رکاوٹ براہ راست ہوائی روابط کی کمی کے ساتھ ساتھ شپنگ کے راستوں کا نہ ہونا بھی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ دونوں فریق سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز(ایس ای زیز) میں مشترکہ منصوبوں کو شروع کرکے باہمی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ڈاکٹر باقر اسماعیلی نے کوسوو کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان کی حمایت کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ کوسوو پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک میں بہت سے شعبوں میں تجارت کرنے کی اچھی صلاحیت ہے۔پاکستانی تاجرکوسوو کو ایک مرکز کے طور پر استعمال کرکے یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کرکے اپنی برآمدات کو فروغ دے سکتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی لاہور کے کوارڈنیٹر محمد علی میاں،سابق سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم،پیاف کے چیئرمین فہیم الرحمن سہگل اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔