• news

وہاب ریاض کانیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس میڈیسن کلینک ، زیرتعمیر مسجد کا معائنہ

لاہور(سپورٹس رپوررٹر) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے گزشتہ روزنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس میڈیسن کلینک اور زیرتعمیر مسجد کا معائنہ کیا اور منصوبوں کے کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان بٹ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رؤف باجوہ بھی ان کے ساتھ تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو قیصر رضانے مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کو سپورٹس میڈیسن کلینک بارے بریفنگ دی۔مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے سپورٹس میڈیسن کلینک اور مسجد کی تعمیرکا کام جلد ازجلد مکمل کرنیکی ہدایت کی۔ مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس میڈیسن کلینک مکمل ہونے سے کھلاڑیوں کو علاج کی بہترین سہولت میسر آئیگی۔ ماہر ڈاکٹرز زخمی کھلاڑیوں کا مفت علاج کریں گے،سپورٹس میڈیسن کلینک میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل کا بھی علاج کیا جائے گا، ان کاکہنا تھا کہ سپورٹس میڈیسن کلینک وقت کی اہم ضرورت ہے اس لئے اس کا قیام عمل میں لایا جارہاہے، سپورٹس میڈیسن کلینک میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، کھلاڑیوں کو زخمی ہونے پر طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا،ان کا جدید انداز میں علاج کرکے ان کوجلد ازجلد دوبارہ گراؤنڈ میں لایا جائے گا تاکہ ہمارا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن