• news

چینی قونصل جنرل کی شجاعت سے ملاقات خطے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور +اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+خبر نگار) چینی قونصل جنرل ژائو شیرین  نے گزشتہ روز  پاکستان مسلم لیگ ق کے قائد چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر چوہدری سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مفاہمت کروانے پر چین کے کردار کو سراہا۔ چینی قونصل جنرل ژائو شیرین  نے کہا کہ میری تعیناتی یہاں ہوئے ایک سال ہو گیا ہے، بطور پاکستان کے دوست چین چاہتا ہے کہ پاکستان اور اس کی عوام خوشحال ہوں، اور  ہم اپنے ہمسایوں کو خوشحال بنانے میں ہر طرح کی معاونت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں ہم پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہم نے کبھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کی اور نہ  مداخلت ہماری پالیسی ہے۔  ژائو شیرین  نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے آنے والی پریشانی کو دور کرنے میں پاکستان کی سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کے وفود اور عوامی وفود کا تبادلہ دوبارہ شروع ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، ہم پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ ملکر ترقیاتی منصوبوں پر کام کریں گے۔ چوہدری شجاعت حسین  نے کہا کہ چینی افراد پر دہشتگردوں کے حملوں کے وقت ہم نے چینی حکام کی بھرپور مددکی۔ پاکستان اور چین کے سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہئے۔  اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے چینی قونصل جنرل کو اپنی کتاب تحفے میں دی۔

ای پیپر-دی نیشن