تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ہر ایک کو کہتا ہوں، آپکو دیکھ کر خوشی ہوئی: چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو کہے گڈ ٹو سی یو کی وضاحت کر دی ہے۔ سپریم کورٹ میں سول کیس کی سماعت کے دوران وکیل اصغر سبزواری سے کہا کہ کافی وقت کے بعد آپ میری عدالت آئے ہیں، آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ میں ہر کسی کو کہتا ہوں۔ گڈ ٹو سی یو کہنے پر مجھے تنقید کا نشانہ بنایاگیا، ہر کسی کو ’آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی‘ کہتا ہوں۔ ہر ایک کو احترام دیتا ہوں، ادب واخلاق تو سب کیلئے ضروری ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 12 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو دیکھ کر کہا تھا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ جس پر چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔