دستاویزی فلموں پر پی آئی سی کی 2 روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
لاہور(کلچرل رپورٹر) میڈیا کے طلباء اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے مقصد سے منگل کے روز مقامی ہوٹل میں ’شارٹ ڈاکیومینٹریز اور نئے رجحانات‘ کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ورکشاپ کا اہتمام پاکستان انفارمیشن سینٹر (PIC) نے وزارت اطلاعات و نشریات کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) کے زیر اہتمام کیا تھا۔ تربیتی ورکشاپ میں لاہور پریس کلب کے اراکین، مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلباء نے شرکت کی جنہیں دستاویزی فلمیں بنانے کی تربیت دی گئی۔ معروف اداکار حسیب خان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ حسیب خان نے اپنے خطاب میں کہا ماہرین کو فلم سازی میں سخت محنت کرنی ہوگی، اور کہانی سنانے، سین ڈویلپمنٹ، فلم کے فریم، سیٹس، کنٹرولڈ ماحول پر توجہ دیے بغیر ماسٹر پیس بنانا ممکن نہیں۔