صوبائی وزراء بلال افضل ‘ایس ایم تنویر کا دورہ جہلم ‘جاری منصوبوں پر بریفنگ
لاہور(نامہ نگار)نگران صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل اور وزیر صنعت پنجاب ایس ایم تنویر نے جہلم کا دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے صوبائی وزرا کو جہلم شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، سڑکوں کی تعمیر نو، ڈسٹرکٹ پبلک سکول، سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے خریدی گئی مشینری اور دیگر کاموں بارے آگاہ کیا گیا، جس پر صوبائی وزرا نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع جہلم کی انتظامیہ کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔ صوبائی وزیر بلال افضل نے کہا ضلع جہلم کے جن علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے جلد مکمل کیا جائے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سڑکیں قابل مرمت یا تعمیر نو کی منتظر ہیں انہیں بھی منظوری کیلئے بھیجا جائے۔ آئندہ اے ڈی پی میں ترقیاتی سکیمیں مکمل میرٹ پر شامل کریں۔