بلوچستان حکومت کا مالی بحران سنگین، کابینہ کا اظہار تشویش
کوئٹہ (آئی این پی ) بلوچستان کابینہ نے صوبے کو درپیش مالی مسائل کو باعث تشویش قرار دیا۔ وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت بلوچستان کی صوبائی کابینہ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے کابینہ کو صوبے کی مالی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے سیلاب متاثرین بحالی کیلیے اعلان کردہ 10 ارب روپے کے تاحال اجرا نہ ہونے پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے پی پی ایل کے ذمے واجبات کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ صوبائی کابینہ کا کہنا تھا کہ پی پی ایل کی جانب سے صوبے کے واجبات کی ادائیگی کوسنجیدگی سے نہیں لیاجارہا۔ کابینہ نے پی پی ایل واجبات اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے فنڈز کا معاملہ وزیراعظم شہبازشریف کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعلی بلوچستان نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ صوبے میں جاری ترقیاتی عمل کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور فنڈز کے اجرا میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔