• news

سٹیک ہولڈرز اختلافات ختم کریں، کاروباری برادری ریاستی تنصیبات پر حملوں کی مذمت

 لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری برادری کی قیادت نے 9 مئی کے واقعے اور پاک فوج کے جوانوں اور ریاستی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اس امر کا اظہار لاہور، کراچی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر صنعتی مراکز سے تعلق رکھنے والے گوہر اعجاز، میاں عامر، میاں ادریس، میاں احسن، الماس حیدر، خرم مختار اور دیگر لاہور میں گزشتہ ہونے والے اجلاس میں کیا جس میں 9 مئی کے المناک واقعات کے تناظر میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مشترکہ طور پر جاری سیاسی عدم استحکام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔ معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور جمہوری عمل کو تقویت دی جا سکے۔گوہر اعجاز نے کہا کہ تاجر برادری نے اس انتہائی ضروری اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے ایسی تمام کوششوں کی حمایت کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والے ہیں۔کاروباری  برادری وزیراعظم شہباز شریف، آصف زرداری اور  عمران سمیت سیاسی قیادت سے وسیع تر قومی مفاد میں اپنے اختلافات کو کم کرنے کا مطالبہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی رہنماؤں نے عزم کیا ہے کہ پاک فوج پاکستانی عوام کی مکمل حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔ میاں عامر نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ صورتحال بھی انارکی کا نسخہ ہو گی اور خدا نہ کرے اس سے ملک کو مستقل نقصان ہو گا۔ ملک کے بارے میں منفی خبریں پاکستان کے بارے میں برآمدات اور دیگر تاثرات کو ایک طویل عرصے سے مرمت سے باہر انتہائی نچلی سطح پر لے جا رہی ہیں۔ امید ظاہر کی کہ اگر معاملات کو ٹھیک کر دیا جائے اور اپنی روش درست کرنا شروع کر دی جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ میاں ادریس نے پیشکش کی کہ تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر حالات کو سب کے اطمینان کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جائے کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ اس قسم کی صورتحال  پاکستان کے لیے اور یقیناً پاکستان کے تمام کاروباروں کے لیے بہت خطرناک ہے اور اس سلسلے میں مزید بگاڑ بہت برا ہو گا۔ میاں احسن نے کہا کہ تاجر برادری موجودہ صورتحال پر بہت پریشان ہے۔ الماس حیدر نے کہا کہ تاجر برادری تمام اداروں کو ہر ممکن طریقے سے مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ خرم مختار نے کہا کہ تاجر برادری کو پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان قیامت تک قائم ہے لیکن سب کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن