ایشیا کرکٹ کپ، بنگلہ دیش، سری لنکا کا ہائبرڈ مادل کیلئے گرین سگنل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کو بنگلہ دیش اور سری لنکا نے نئے ہائبرڈ ماڈل کیلئے گرین سگنل دیدیا،ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کو پہلا رائونڈ پاکستان میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے بذریعہ ای میل پی سی بی کو یقین دہانی کرائی ہے جبکہ بی سی سی آئی اور پی سی بی کا تاحال براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا،ایشین کرکٹ کونسل کا اندرونی اجلاس آئندہ ایک دو دنوں میں دبئی میں متوقع ہے،ذرائع کے مطابق اے سی سی کے سربراہ جے شاہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں پی سی بی کے نئے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت ہو گی،ایشین کرکٹ کونسل کے اندرونی اجلاس کے بعد حتمی اجلاس بلایا جائیگا، حتمی اجلاس رواں ماہ کے آخری ہفتے میں بلایا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی گیٹ منی کے باعث متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا انعقاد کروانا چاہتا ہے، یو اے ای میں ٹکٹوں کی فروخت سری لنکا اور بنگلہ دیش کی نسبت زیادہ مالی فائدہ پہنچا سکتی ہیں،ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کے بعد پی سی بی نیوٹرل وینیو پر بھی لچک دکھا سکتا ہے،پی سی بی کو لاجسٹک معاملات میں سری لنکا کی نسبت یو اے ای سستا نیوٹرل وینیو پڑیگا، دوسرے آپشن پر سری لنکا کے دمبولا اور پالی کیلے سٹیڈیم بطور نیوٹرل وینیو استعمال ہو سکتے ہیں۔