سی پیک کی تعمیر میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہے، چین
بیجنگ (آئی این پی ) چین کی قومی کمیٹی برائے ترقی اور اصلاحات کے ترجمان مینگ وی نے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس سال چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران چین اور پاکستان نے مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور اشتراک پر عمل کیا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر اور گوادر پورٹ، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے "1+4" تعاون کا خاکہ تشکیل دیا ہے اورمثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق 2022 کے اختتام تک چین پاکستان اقتصادی راہداری سے براہ راست 2 لاکھ 36 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں اور پاکستانی ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ اگلے مرحلے میں چین اور پاکستان دونوں ممالک کے رہنماں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر سنجیدگی سے عملدرآمد کریں گے، نقل و حمل، توانائی، صنعت اور سماجی معاش میں تعاون کو تیز کریں گے، زراعت، کان کنی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے، معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری تعاون کو مسلسل فروغ دیں گے اور "بیلٹ اینڈ روڈ" کی اعلی معیار کی ترقی کے لیے ایک نمائندہ منصوبہ تعمیر کریں گے۔