• news

گیس میٹر رینٹ میں اضافہ ظالمانہ، صارفین سے وصولی روکی جائے، پی اے سی

اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت پٹرولیم نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کو بتایا کہ پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرضہ میں ایک سال کے دوران 500 ارب روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری پٹرولیم نے دوران بریفنگ بتایا کہ گزشتہ سال پیٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 1200 ارب روپے تھا جو کہ اب 1700 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے پلان تیار کر لیا۔ اداروں کے اثاثوں کے سوائپ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گیپگو اور نندی پور پاور پلانٹ پی ایس او کو دے کر گردشی قرضہ کلئیر کیا جائے گا۔ گیس ٹیرف میں اضافہ کرنے سے گیس کا سالانہ 250 ارب کا گردشی قرضہ روک دیا۔ پی اے سی نے گیس کمپنیوں کو صارفین سے اضافہ شدہ گیس میٹر رینٹ کی وصولی روکنے کی ہدایت جاری کر دیں۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔  نور عالم خان نے کہا کہ میٹر پر 500روپے ماہانہ کرایہ بہت زیادہ ہے، یہ ظالمانہ ہے اس کو واپس لیا جائے، غریبوں پر بوجھ بڑھا دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ ایک کیوبک ہیکٹا میٹر تک استعمال کرنے والے صارف کو میٹر کا کرایہ 50روپے ماہانہ ہے، میٹر رینٹ میں اضافے سے سردیوں میں بل کم آئے گا اور تنخواہ دار طبقہ کو فائدہ ہوگا، گیس کی نئے کنیکشنز پر پابندی کیوں نہیں ہٹائی گئی؟۔ پی اے سی نے پابندی ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزارت پٹرولیم کے 21-2020 کے آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے دوران پٹرولیم کمپنیوں سے 42 ارب روپے کی وصولیوں کے معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ بائیکو اور ہیسکول نے عوام کے پیسے کھائے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ایف آئی اے نے 3.9 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔ باقی رقم کی ادائیگی کیلئے بات چیت جاری ہے ۔ چیئرمین پی اے سی نے محض 3.9 ارب روپے کی وصولی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ نورعالم خان نے کہا کسی وزیر یا اہم شخصیت کی سفارش نہیں چلے گی۔ پی اے سی نے رقم برآمد کرنے کا حکم دیا تھا، مذاکرات کا نہیں، بائیکو اور ہیسکول کے ڈائریکٹرز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا تھا۔ انہوں نے پی اے سی سٹاف کو ہدایت کی کہ سیکرٹری داخلہ سے پوچھیں کہ ان افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے کہ نہیں؟۔ چیئرمین پی اے سی نے ایف آئی کو بائیکو کے مالکان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ ان کی پراپرٹیز منجمد کریں، ان کے گھر بیچیں لیکن وصولیاں کریں ۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ اور اعلی عہدیداروں کی مراعات کل تک پیش کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اینکر پرسنز کے اثاثے بھی چیک کئے جائیں۔ پی اے سی کی کمیٹی کو وزارت پاور ڈویژن کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کی صورت میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگا۔ کے الیکٹرک کو این ٹی ڈی سی نے مارک اپ کی مد میں بیس ارب ادا کرنے ہیں اب وہ رقم ڈیڑھ سو ارب تک پہنچ چکی ہے۔ وزارت توانائی کے حکام نے پبلک اکانٹس کمیٹی کی جائزہ و عملدرآمد کمیٹی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگر وفاقی حکومت نے کراچی الیکٹرک کے ٹیرف میں سبسڈی کی ادائیگی نہ کی تو کراچی کی بجلی بند ہوسکتی ہے۔ وفاقی حکومت ٹیرف میں فرق کو برقرار رکھنے کیلئے کے الیکٹرک کو دس سے بیس روپے فی یونٹ سبسڈی فراہم کرتی ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جائزہ و عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس کنوینر سید حسین طارق کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید کے استفسار پر سیکرٹری توانائی کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت میں اضافے کے دوران لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگا۔ دو گھنٹے کا پلان کیا ہے، اپریل کا بھی دو گھنٹے کا پلان کیا تھا لیکن موسم اچھا تھا تو دو گھنٹے نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن