• news

باغی حملے کی جڑیں عمران کی تقاریر میں پوشیدہ: وزیراعظم

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کو ریاست، اس کی علامتوں اور حساس تنصیبات پر ہونے والے شر پسندوں کے حملے کی جڑیں عمران نیازی کی گزشتہ ایک سال کے دوران کی گئی تقاریر کے مندرجات میں پوشید ہ ہیں۔ عمران نیازی نے اپنی سیاسی تحریک کو حق و باطل کے درمیان جنگ قرار دینے کیلئے آ زادانہ طور پر مذہبی تصویر کشی کی ہے، مسلسل مسلح افواج اور موجودہ آرمی چیف کو بدنام کیا، ان پر حملہ آور ہوا اور بہت چالاکی سے حقیقی آزادی کے نعروں کے ساتھ اپنے گروہ کو تیارکیا جس کا مقصد انہیں تشدد پر اکسانا تھا جس کا ہم نے 9مئی کو مشاہدہ کیا تھا۔ عمران نیازی کی تقریریں سنیں تو آپ کو اپنا جواب مل جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے وفاقی وزیر انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی۔ جس میں مجموعی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے بھی  شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال کے شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے تعاون فراہم کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔  وزیراعظم نے "روڈ ٹو مکہ" پراجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کو سراہا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی مند پشین بارڈر کراسنگ پوائنٹ پر مند-پشین بارڈر سسٹینینس مارکیٹ پلیس اور پولان-گبد بجلی ٹرانسمیشن لائن کا مشترکہ طور پر افتتاح کریں گے۔ پاک ایران مشترکہ سرحد کے ساتھ تعمیر کی جانے والی چھ سرحدی مارکیٹوں میں سے ایک، مند-پشین بارڈر سسٹیننس مارکیٹ پلیس سرحد پار تجارت کو بڑھانے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور مقامی کاروبار کے لیے مواقع کی نئی راہیں کھولنے کے لیے ایک فروغ پذیر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ ادھر  شہبازشریف کی ہدایت پر دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ سر کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن