• news

پاکستان اور سعودی عرب میں روڈ ٹو مکہ معاہدہ پر دستخط

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے لئے بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدہ عازمین حج کی امیگریشن کے عمل کو آسان اور ہموار کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود، وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی اور وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمان کانجو اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو، سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ اور دیگر عہدیداران نے ملاقات میں شرکت کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی۔ اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا چکا ہے۔ ملاقات میں اس منصوبے کا اگلے مرحلے میں کراچی اور لاہور ائیرپورٹ پر بھی آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کے سعودی سفارتکار کے 2011 میں قتل کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ ملاقات میں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے برمی مسلمانوں کے مسئلے کو بھی باہمی مشاورت اور رضامندی سے حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ سے سعودی  جیلوں میں معمولی جرائم میں قید پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی پر استفسار کیا۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ 108 پاکستانی شہریوں کو رہا کر دیا گیا۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے اس قسم کے قیدیوں کی جلد رہائی ممکن بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے سعودی نائب وزیرداخلہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ ظہرانے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود، وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے بھی شرکت کی۔ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ نے ظہرانے کی تقریب سے خطاب بھی کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سعودی وزیر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے بتایا کہ بہترین میزبانی اور محبت پر شکرگزار ہوں۔ پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہو رہی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پیار اور محبت کا رشتہ ہے۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعاگو ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن