لاہور چیمبر آف کامرس کا افواج پاکستان پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار
لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملک کے دفاعی اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے افواج پاکستان پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ تاجر برادری مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے مگر اس کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔ امن و امان برقرار رکھنا بھی سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ احتجاج کے حق کو تاریخی عمارتوں یا نجی املک کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ احتجاج پرامن اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہونا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں مسلح افواج کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کو اندرونی و بیرونی خطرات سے بچانے کیلئے قربانیوں کو تہہ دل سے سراہا۔ تاجر برادری قومی سلامتی اور ترقی کیلئے مسلح افواج کے عزم اور صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ تاجر برادری احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی ہے، تاہم امن و عامہ کے حالات خراب کرنے اور تاریخی اثاثوں کو تباہ کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔