کچھی کینال توسیعی منصوبہ اگلے ایک 2 ماہ میں مکمل ہو جائیگا:چیئرمین واپڈا
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں زیر تعمیر کچھی کینال توسیعی منصوبہ اگلے ایک 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ اِس منصوبے کی بدولت 30 ہزار ایکڑ مزید اراضی زیر کاشت آئے گی۔ توسیعی منصوبہ مکمل ہونے سے کچھی کینال کے پہلے مرحلے (فیز۔1) کا کمانڈ ایریا72 ہزار ایکڑ سے بڑھ کر ایک لاکھ 2 ہزار ایکڑ ہو جائے گا۔ یہ بات چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کوکچھی کینال توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ جنرل منیجر (سنٹرل) واٹر سید علی اختر شاہ، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندوں نے چیئرمین واپڈا کو بتایا کہ کچھی کینال توسیعی منصوبہ کے تحت 40کلو میٹر طویل مرکزی پختہ نہر، متعلقہ سٹرکچرزاور 30 کلو میٹر طویل واٹر ڈسٹری بیوشن سسٹم پر تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ اْنہو ں نے اْمید ظاہر کی کہ حکومت بلوچستان توسیعی منصوبے کے لئے کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کو کسی تاخیر کے بغیر مکمل کرے گی تاکہ اِس منصوبے کے فوائد پوری طرح حاصل کئے جاسکیں۔ چیئرمین واپڈا کو 2017ء میں مکمل کئے گئے کچھی کینال منصوبے کے بحالی پلان کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ 2017 ء میں پہلے مرحلے کے تحت مکمل کی گئی۔ 363کلو میٹر طویل کچھی کینال کو گزشتہ برس کے تباہ کن سیلاب کے باعث بعض جگہوں پر نقصان پہنچا تھا۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بحالی کیلئے درکار فنڈز ملتے ہی اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نہر کے متاثرہ حصے میں پانی کی کم از کم وقت میں فراہمی ممکن ہوسکے۔ چیئرمین واپڈا نے نائے گاج ڈیم پراجیکٹ کا بھی دور کیا اور مین ڈیم، سپل وے، حفاظتی بند اور اِن ٹیک سٹرکچر سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹراعجاز میمن نے اْنہیں منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے متبادل پلان تیار کریں تاکہ گزشتہ سال کے سیلاب اور دیگر وجوہات کی بنا پر منصوبے میں ممکنہ تاخیر کو کم کیا جاسکے۔ منصوبہ کی بدولت 3 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 28 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور 4.2 میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔