پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کل سے شروع ‘4ٹیمیں شریک
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی بہترین خواتین کرکٹرز پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ یہ ٹورنامنٹ کل19 مئی سے کراچی میں کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو محدود اوورز کی کرکٹ کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ خاص کر کھلاڑیوں کو ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ کی تیاری میں بھرپور مدد ملے گی جو آئندہ ماہ ہانگ کانگ میں ہوگا۔پاکستان کپ تیرہ میچوں پر مشتمل ہوگا جو دو مرحلوں میں کھیلا جائیگا۔ چار ٹیمیں راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ٹی ٹونٹی کھیلیں گی جبکہ تین ٹیمیں ون ڈے میچوں میں مدمقابل ہونگی۔ یہ میچز ڈبل راؤنڈ رابن لیگ کے تحت کھیلے جائیں گے جس کا فائنل چار جون کو ہوگا۔ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ کی ممکنہ کھلاڑی میدان میں نظر آئیں گی۔