چین ، ترکیہ ، سرینگر میںجی 20 اجلاس میںشرکت نہیںکرینگے : بھارتی اخبار
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ چین اور ترکیہ سری نگر میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ کئی دیگر ممالک کے اعلی سطحی وفود کی بجائے نچلی سطح کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ چین مارچ کے مہینے میں اروناچل پردیش میں منعقدہ گروپ 20 اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوا تھا۔ یاد رہے کہ ترکیہ بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پور حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کررہا ہے۔ الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جی 20 اجلاس سے قبل بھارتی حکومت نے سری نگر کا حلیہ تبدیل کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت جی 20 مندوبین کو خوبصورت ہمالیائی وادی کی سیر کے لیے لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اپنے اس دعوے کو تقویت دے سکے کہ 2019ءمیں علاقے کی جزوی خود مختاری کو ختم کرنے سے یہاں امن قائم ہوا اور ترقی ہوئی۔