نوجوانوں کو سیاسی ٹھگ کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دینگے : مریم نواز
لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا۔ 9مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔ فتنے نے پورے ملک خاص طور پر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی۔ خوف کا بت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں ، نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے (ایم ایس ایف) سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایم ایس ایف کی پورے ملک میں تنظیم نو کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ ایم ایس ایف نوجوان نسل کا ہراول دستہ ہے۔ آپ نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے۔ نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے۔ معاشرے کو تخریب کارکی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے، مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کے لئے استعمال کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔ قوم خاص طور پر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں، یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے۔ دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے۔ توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا۔ ان شاءاللہ، قوم کے اتحاد، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے۔ قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے۔ معیشت بحال ہوگی، کاروبار پھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔