ٹیکسٹائل سیکٹر کو زیادہ سہولتیں فراہم کریں گے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف پی سی سی آئی اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفود سے ملاقات کی۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال پر بات چیت کی اور آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ وفد نے حکومت کو معیشت کی بحالی اور برآمدات بڑھانے کی کوششوں میں مکمل تعاون کی پیش کش کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ایف پی سی سی آئی کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا اور یہ حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرے گی۔ وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت نے تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں بروقت پوری کی ہیں اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ وفد نے توانائی کی قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے صوبوں کے درمیان موجودہ تفاوت پر بھی بات کی اور اس سلسلے میں وزیر سے تعاون طلب کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی بہتری میں ٹیکسٹائل کے شعبے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ٹیکسٹائل سیکٹر کو حکومت کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کا عہد کیا تاکہ برآمدی شعبے کو مضبوط کیا جا سکے اور پاکستان کی برآمدات کی قیادت میں نمو کو بڑھایا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔