گوجرانوالہ‘ نارنگ منڈی: ذخیرہ کی گئی 24 ہزار سے زائد بوری گندم برآمد
گوجرانوالہ ‘ نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) مختلف علاقوں میں آپریشن۔ 24 ہزار 90 بوری گندم برآمد۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز صدر میاں توصیف حسن، نوشہرہ ورکاں نوید حیدر نے 11ہزار 90بوریاں گندم برآمد کر لیں۔ برآمد شدہ گندم سرکاری گوداموں میں منتقل کر دی گئیں۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کے نتیجے میں ضلع گوجرانوالہ کے علاقوں(500 کوہلو والہ، 4000تبریز رائس مل قلعہ دیدار سنگھ ، 1000مہر رائس مل قلعہ دیدار سنگھ،1800 منگوکی، 600 ڈیرہ کھرلاں، 300 بری والہ، پھلوکی 250، 90 پھلوکی،600 منگوکی، 600 بری والہ،450 کوٹ چند،600 بیساکھہ،300) اور دیگر علاقوں سے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی11 ہزار90 بوری گندم برآمد کر لی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر مریدکے زینب طاہر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف گائوں چکرالی میں کارروائی کرتے ہوئے تین کروڑ سے زائد مالیت کی 6000 سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کر کے قبضہ میں لے لی گئیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مریدکے میڈم زینب طاہر کا کہنا تھا کہ کارروائیوںکا سلسلہ جاری رہے گا۔ ذخیرہ اندوزوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔ پرائیویٹ گودام سے برآمد کی گئی 7500 من سے زائد گندم قبضہ میں لے لی گئی ہے۔