شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST) دبئی نے 9 واں کانووکیشن 2023 منایا
بینظربھٹو شہید کا لگایا ہوا تعلیمی پودا آج بھر پور انداز میں پھل دے رہا ہے
کانووکیشن کا اہتمام 52 سے زائد طلبائ و طالبات کی کامیابیوں کے اعزاز میں کیا گیا،کمرشل قونصلر ڈاکٹرعدیم خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت
دبئی (طاہر منیر طاہر) بیس سال قبل دبئی میں بینظربھٹو شہید کا لگایا ہوا تعلیمی پودا (SZABIST) آج بھر پور انداز میں پھل دے رہا ہے- شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST) نہ صرف دبئی بلکہ کراچی، اسلام آباد، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں بھی تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے- SZABIST دبئی کیمپس نے 2003 میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام پیش کرنے کے لئے اپنے دروازے کھولے اور اپنے قیام کے بعد سے اب تک 1386سے زائد طلبائ و طالبات کو اعلی تعلیمی سہولیات فراہم کر چکا ہے- 2023 میں متحدہ عرب امارات میں SZABIST دبئی کے قیام کو 20 کامیاب سال بھی پورے ہو گئے ہیں- آج بھی مختلف ممالک کے ہزاروں طلبائ و طالبات زیبسٹ سے زیور تعلیم سے مستفید ہو رہے ہیں- گزشتہ دنوں 52 سے زائد طلبائ و طالبات کی کامیابیوں کے اعزاز میں (SZABIST) دبئی نے 9 واں کانووکیشن دبئی کے ایک ہوٹل میں منایا جہاں کامیاب ہونے والے طلبائ و طالبات کوڈگریاں عطا کی گئیں- SZABIST کی سینئر مینجمنٹ اور SZABIST بورڈ آف ٹرسٹیز کی نمائندگی کرتے ہوئے، محترمہ شہناز وزیر علی، صدر SZABIST، پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف مکاتی ڈین آف کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ اور وائس پریذیڈنٹ اکیڈمکس SZABIST اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمرشل قونصلر ڈاکٹرعدیم خان تھے۔ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گریجویٹس کو گولڈ اور سلور میڈل کے اعزازی رولز سے نوازا گیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر عدیم خان نے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے اپنی زندگی میں اس سنگ میل کو حاصل کرنے کے لیے ناقابل یقین حد تک محنت کی ہے اور یہ واقعی ایک متاثر کن کامیابی ہے۔ آج کا دن آپ کی زندگی کا ایک اہم موقع ہیجسے آپ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں نعیم، ہیڈ آف کیمپس SZABIST دبئی نے گریجویٹس کو مشورہ دیا کہ آپ اپنے خاندانوں اوراپنی کمیونٹیز کے لیے ایک بہتر مستقبل بنانے میں مدد کریں- یونیورسٹی SZABIST دبئی کیمپس دبئی کی واحد پاکستانی یونیورسٹی ہے جسے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان نے ڈگری دینے والے ادارے کے طور پر منظوراور تسلیم شدہ ہے- یہ ادارہ نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، دبئی سے لائسنس یافتہ ہے۔ اس ادارے کی طرف سے دی گئی اور KHDA کی طرف سے تصدیق شدہ تعلیمی قابلیت کو امارات دبئی میں تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ذریعے تمام مقاصد کے لیے تسلیم کیا جائے گا۔ SZABIST دبئی بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس، میڈیا سائنس اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں انڈرگریجویٹ پروگرام پیش کرتا ہے- بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس، ایگزیکٹو MBA اور پروجیکٹ مینجمنٹ، ایک سستی ٹیوشن فیس پر اعلی تدریسی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ادارہ بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔