• news

 شہر کے کوڑے دانوں میں جدید سینسرز نصب کرنے کا فیصلہ 

لاہور(نامہ نگار)شہر کو صاف رکھنے کے حوالے سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا اشتراک ہوا ہے،جس کے تحت لاہور میٹروپولیٹن شہر کےلئے سیف اینڈ سمارٹ سٹی کانسیپٹ کے تحت کام کرنے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد ہواجس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسربلال صاحب دین سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کے کوڑے دانوں میں جدید سینسرز نصب کیے جائیں گے۔سینسرز کی مدد سے کوڑا دان کے بھرنے اور مقدار کی بروقت اطلاع مل سکے گی۔سیف سٹیز کیمرے شہر میں کچرے کی نشاندہی بھی کریں گے۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نشاندہی پر ٹارگٹڈ آپریشن یقینی بنائے گی۔کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے، ملبہ پھینکنے والوں کےخلاف سخت تادیبی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹرپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے بتایا کہ شہر کےلئے سیف اینڈ سمارٹ سٹی کانسیپٹ ناگزیر ہے۔ کوڑے دانوں کی لائیو مانیٹرنگ کےلئے سیف سٹیز کیمروں کے سرویلنس ایریا میں رکھا جائے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی شہر کی بہتری کےلئے تمام محکمہ جات کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسربلال صاحب دین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا تھاکہ سیف سٹی کیمروں کی تصویری رپورٹ خود احتسابی، ڈیوٹی چیکنگ اور بروقت کارروائیوں میں معاون ہے۔سڑک پر کسی قسم کا ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مون سون سیزن اور عید الاضحیٰ کے دوران خصوصی صفائی مہم کےلئے بھی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا ہے۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے وفد کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا اور اعزازی شیلڈ ز کاتبادلہ بھی کیا گیاہے۔

ای پیپر-دی نیشن