• news

 پی ایچ پی ورکنگ سسٹم میں کرائم پروینشن ایپ کا استعمال یقینی بنائے:آئی جی

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ہائی ویز پر حادثات کی روک تھام اور جرائم کی بیخ کنی میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا کلیدی کردار ہے۔ پی ایچ پی پولیس اپنے ورکنگ سسٹم میں کرائم پروینشن ایپ کا استعمال یقینی بنائے اور ہائی وے کرائم میں ملوث ڈاکوو¿ں، راہزنوں اور سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب پولیس کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے کےلئے کوشاں ہیں۔پی ایچ پی پولیس کے سروس اور سیلری سٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔پٹرولنگ پولیس میں بھی ہیلتھ سکریننگ کا ٹاسک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،پولیس افسران اور جوانوں کو موذی امراض سے بچانے اورعلاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ نئے پٹرول پمپس اور پراجیکٹس کے ذریعے پولیس آمدن بڑھا کر سپاہ کی ویلفیئر پر خرچ کر رہے ہیں۔ موٹر وے پولیس اور کے پی کے پولیس کی طرز پر پنجاب پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک پولیس کو کئے گئے چالانوں کا مخصوص حصہ دیئے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خدمات سر انجام دینے والے کانسٹیبل سے سب انسپکٹر رینک کے 85 پی ایچ پی اہلکاروں کو اپنے دفتر مدعو کیا اور انہیں اچھی کارکردگی پر کیش انعامات اور سی سی ون سرٹیفکیٹس سے حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے اہلکاروں کوکہا کہ شاہرات پر شہریوں کی جان ومال کے تحفظ، ٹریفک قوانین کی پاسداری اور جرائم کی سرکوبی کےلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن