• news

"Thrice Blessed Day of May!"

معزز قارئین! ساری دُنیا میں ’’بُدّھ مت‘‘ کے پیروکار بِکرمی مہینہ بیساکھ کی ’’پُورنِما‘‘ (Full Moon) کو  عام طور پر 14 مئی گوتم بدھ کی یاد میں "Thrice Blessed Day" ( تین بار مقدس دِن) مناتے ہیں۔ اِمسال بھی منایا گیا۔ مَیں کئی بار یہ دِن منا چکا ہوں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ’’14 مئی گوتم بدھ کا یوم پیدائش ہے، 14 مئی ہی کو وہ ’’گیان‘‘ (رُوحانی بصیرت) سے ہمکنار ہُوئے اور 14 مئی ہی کو اُنہیں ’’نِروان‘‘ ( سکوتِ سرمدی ) حاصل ہُوا۔ یعنی وِصال۔ گوتم بدھ کا نام سِدھارتھ ؔ (Siddhattha) تھا۔ اُن کے پِتا سدودھن (Suddhodana) ریاست کپل وستو (Kapilavastu) کے راجا تھے۔ شہزادہ سِدھارتھؔ (تقریباً 480 قبل از مسیح) پیدا  ہُوئے۔  
گوتم بُدھ ’’انسانی مساوات‘‘ کے علمبردار تھے۔ اِس لئے ہمارے عُلماء کرام، مشائخ گوتم بُدھ کا بے حد احترام کرتے تھے۔ علاّمہ اقبال نے اپنے فارسی کلام میں ’’طاسین‘زرتشت‘‘۔ ’’طاسینِ مسیح‘‘۔ اور ’’طاسین گوتم‘‘ کے عنوان سے نظمیں لکھ کر بین اُلمذاہب ہم آہنگی کا عَلم بلند رکھا۔’’طاسین گوتم‘‘ میں علاّمہ اقبال، گوتم بدھ کے افکار و نظریات کو بیان کِیا۔ اُن کے تین شعروں کا ترجمہ یوں ہے۔ ’’وہ راستہ جِسے مَیں نے اپنی پلکوں کی نوک سے تراشا ہے، اُس میں منزل، قافلہ یا ریگِ رَواں کوئی چیز نہیں۔ چہرے کا حُسن، ایک لمحہ ہے۔ وہ دوسرا لمحہ نہیں ہے البتّہ حُسنِ کردار اور بلند افکار کو اہمیت حاصل ہے۔ راحت جاں کوئی چیز نہیں ہے۔ ہاں! اپنے ساتھیوں کے غم میں آنسو بہانا، ضرور کوئی چیزہے!‘‘۔
معزز قارئین! پاکستان میں پہلی مرتبہ  اُن دِنوں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سیّد کی کوششوں سے  پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ’’آج بھی صدر‘‘چودھری شجاعت حسین کی صدارت اور ’’پاکستان کلچرل فورم‘‘ کے چیئرمین، برادرِ عزیز ظفر بختاوری کے زیر انتظام 14 مئی 2008ء کو وسیع پیمانے پر "Thrice Blessed Day Of May "منایا گیا، جس میں "Pakistan Buddhist Society"  کے چیئرمین (تاحیات وفاقی وزیر) راجا تری دیو رائے کے علاوہ عوامی جمہوریہ چین سمیت بُدھ مت کے پیروکار پانچ ملکوں کے سفیر بھی موجود رہے تھے۔ 
راجا تری دیو رائے، مشرقی پاکستان (راج باڑی، رنگا متی، چٹاگانگ ) کی پہاڑیوں میں چکما قبائل کے راجا تھے ۔ پاکستان دولخت ہُوا اور مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا تو راجا تری دیو رائے نے پاکستان کو اپنا وطن بنا لِیا۔ آپ کئی ملکوں میں پاکستان کے سفیر رہے۔ وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اُنہیں اقلیتی امور کا وفاقی وزیر بنا یا، پھر راجا صاحب تاحیات وفاقی وزیر رہے۔ سابق وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نظریات سیّد انور محمودگیلانی اور برادرِ عزیز ظفر بختاوری سے راجا صاحب کی دوستی کی وجہ سے میرے بھی اُن سے خوشگوار تعلقات قائم ہوگئے تھے۔ راجا صاحب ایک بار، برادرم ظفر بختاوری کے ہمراہ میری مزاج پُرسی کے لئے اسلام آباد میں میرے گھر بھی تشریف لائے تھے۔ 
’’صوبہ بہار کا ’’ بہار شریف!‘‘
معزز قارئین ! سیّد انور محمود گیلانی جی سے میری 1992ء سے دوستی ہے۔ سیّد صاحب اکثر کہا کرتے ہیں کہ ’’مَیں نے پاکستان کے لئے دو بار ہجرت کی۔ ایک بار اپنے والدین کے ساتھ بہار سے ڈھاکہ اور دوسری بار 1971ء میں ڈھاکہ سے کراچی۔ سیّد انور محمود گیلانی کے بزرگوں نے قیام پاکستان میں اہم کردار ادا کِیا۔ سیّد صاحب کے بزرگوں نے اپنے مریدوں کے ذریعے صوبہ بہار ہی میں ’’بہار شریف‘‘ کے نام سے ایک قصبہ آباد کِیا۔ ’’بہار شریف‘‘۔ صوبہ بہار کے داراُلحکومت پٹنہ سے دو اڑھائی گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے ۔ ’’بہار شریف‘‘۔ شہزادہ سِدھارتھ (گوتم بُدھ) کی جائے پیدائش ریاست۔ ’’کپل وستو‘‘ (Capal Vastu) سے کچھ فاصلے پر ہے۔ گوتم بدھ کے والد شدو دھن ریاست کپل وستو کے راجا تھے۔معزز قارئین! کئی سال ہُوئے مَیں نے "Thrice Blessed Day of May" کے بارے اُردو زبان میں نظم لکھی تھی جسے بہت پسند کیا گیا تھا۔ ملاحظہ فرمائیں … 
آج کا دِن ہے  مُقّدس  تِین بار
…O …
آج ہی اُبھرا تھا، مہرِ تابدار!
گیان پاکر  گیانِیوں کا تاجدار!
واصلِ حقّ ہوگیا، انجام کار!
آج کا دِّن ہے، مُقّدس تِین بار!
…O…
داعیٔ عدمِ تشدّد، ہے بُدھّا!
آپ ہی اپنا مجدّد، ہے بُدھّا!
اور صُلح و آشتی کا، کِردگار!
آج کا دِّن ہے، مُقّدس تِین بار!
…O…
معزز قارئین ! میرے سرگودھوی دوست اشفاق احمد گوندل صاحب کئی سال پہلے وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ جب وہ، حکومت پاکستان کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر (P.I.O) تھے تو اُنہوں نے میری اِس نظم کا انگریزی میں ترجمہ کِیا تھا۔ ملاحظہ فرمائیں … 
"THRICE BLESSED IS THIS DAY OF MAY!"
On this day of May, the shining sun,
Appeared above the horizon.
After attaining the Enlightenment,
The King of the Enlightened People,
Eventually, entered in the state of Supreme Bliss.
Thrice blessed is this Day of May.
…O…
Lord Buddha is the torchbearer of non-violence,
Lord Buddha is his own revivalist,
He is the god of truce and peace.
Thrice blessed is this Day of May.
…O…
Let us illuminate the torch of humanity,
Let us fill the lap of everyone with bliss,
So that the waterfall of peace may sing again.
Thrice blessed is this day of May.
٭…٭…٭

ای پیپر-دی نیشن