• news

سٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے پیاف گروپ کیساتھ الحاق کا اعلان کر دیا

لاہور (کامرس رپورٹر )سٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران نے پیٹرن انچیف شیخ سرفراز احمد و چیئرمین شیخ فیاض احمد کی قیادت میں پیاف آفس گلبرگ میں ہونیوالے اجلاس میں پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ ( پیاف) گروپ کے ساتھ باقائدہ الحاق کا اعلان کر دیا۔اجلاس میں پیاف اور سٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے تاجروں کو درپیش مسائل پر بات کی۔اس موقع پر چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹریڈرز معیشت کا ایک اہم ستون ہے، گورنمنٹ کی پالیسیز کی بدولت امپورٹ پر پابندیوں کی وجہ سے معیشت کا پہیہ جمود کا شکار ہے۔سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے حکومت کی کوئی ڈائریکشن نظر نہیں آ رہی جو باعث تشویش ہے۔تاجروں کی تجاویز کو آئندہ بجٹ میں ضرور شامل کیا جائے تاکہ کاروباری مندے کا خاتمہ ہو۔ صنعتکار و تاجر برادری پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اس لیے آنیوالے بجٹ میں ان پر مزید ٹیکس نہ لگائے جائیں بلکہ ریلیف دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن