تنخواہ کی عدم ادائیگی پرقومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ مستعفی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایک برس سے زائد مدت کی تنخواہ کے منتظر پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ سیگفریڈ ایکمین اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے۔تنخواہ کی عدم ادائیگی کی خلاف ایف آئی ایچ سے رجوع کرنے کا عندیہ دینے والے ڈچ کوچ نے کہاکہ اب ان کی برداشت سے باہر ہوگیا تھا۔ امید ہے کہ پاکستان کیلئے خدمات انجام دینے پر مجھے میرا حق ضرور مل جائیگالیکن موجودہ حالات میں مالی مسائل کے سبب مجھے اپنے اہل خانہ کی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے آگے قدم بڑھانا ہے۔ایکمین نے13 مارچ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم کے دفتر سے درخواست کی تھی کہ ایک برس سے رکی ہوئی تنخواہ جاری کی جائے تاکہ پاکستان جونیئر ایشیا کپ اور ایشین گیمز کیلئے موزوں تیاری کر سکے۔ایکمین نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ پر میں ایف آئی ایچ کی تادیبی کمیٹی سے رابطہ کا حق رکھتا ہوں، سیگفریڈ ایکمین پاکستان سے قبل جاپان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق 8 ہزار یورو ماہانہ کی تنخواہ پر خدمات انجام دینے والے ایکمین کو پاکستان سپورٹس بورڈ نے گزشتہ 14 ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی۔