• news

ڈریپ نے ادویات 20 فیصد تک مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا


اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 14 جبکہ دیگر تمام ادویات کی قیمتوں میں 20 فیصد تک کر دیا گیا۔ بورڈ قیمتوں کے تعین کا تین مہینے بعد دوبارہ جائزہ لے گا۔ حکام کے مطابق ڈالر کی قدر میں کمی کی صورت میں ادویات کی قیمتوں میں کمی بھی کی جا سکتی ہے۔ خیال رہے کہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ کی اکنامک ایڈوائزری کمیٹی نے دی تھی۔ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا کہنا ہے کہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 14 سے 20 فیصد تک اضافے کی منظوری دی ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غیرتسلی بخش ہے۔ ایک سال میں مہنگائی بالخصوص ڈالر کی قدر میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومت نے جولائی 2024ءتک مزید اضافے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ حکومت نے قیمتوں میں سالانہ اضافے کی حد 2018ءمیں مختص کی تھی۔ مہنگائی کے تناسب سے کم از کم 45 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رکھا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن