• news

بلاول ، زرداری کی زیر صدارت اجلاس ،9 مئی واقعات پر مذمتی قرار داد منظور ، سزا کا مطالبہ 

اسلام آباد‘ کراچی (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاو¿س کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس میں نو مئی کے واقعات پر مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نو مئی کو ملک کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے واقعات کی پرزور اور بھرپور مذمت کرتی ہے۔ قرارداد میں ملک بھر میں نجی، سرکاری اور فوجی املاک اور حساس تنصیبات پر حملوں کو ریاست پاکستان کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو دہائیوں تک سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تاہم پی پی پی نے اپنی لیڈرشپ کی ہدایات کی پیروی کرتے ہوئے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، میر شاہنواز بھٹو اور میر مرتضی بھٹو کو شہید کیا گیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو لہولہان کردیا گیا مگر پاکستان پیپلزپارٹی نے اس سب کے باوجود پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا جو تمام جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ کسی بھی سیاسی جبر کے نتیجے میں پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک اور ملکی اداروں کے خلاف کبھی جتھہ بندی نہیں کی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نو مئی کے واقعات کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کشمیر کی مستقل حمایت کا بلاول بھٹو کا بیان قابل ستائش ہے۔ جو بھی حالات رہے پی پی کبھی ملک کے خلاف نہیں گئی ۔ تحریک انصاف اب ہر ریڈ لائن کراس کر چکی ہے۔ بلاول بھٹو اپنی ذات کا نہیں ہمیشہ ملک کا مفاد سوچتے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی پر پابندی سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔ 

 

ای پیپر-دی نیشن