• news

پیپسیکو پاکستان میں ہر سال 90 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا،مسعود خان

اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی ملٹی نیشنل کارپوریشنز کے منافع بخش کاروبار دیگر سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لئے نہ صرف ملکی 24 کروڑ آبادی سے فائدہ اٹھانے کےلئے باعث ترغیب ہونا چاہیے بلکہ وہ ملک کے تذویراتی محل وقوع کو وسطی و مغربی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی مارکیٹ تک رسائی کے لئے برو¿ے کار لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بڑا متوسط طبقہ، ترقی پذیر معیشت کی بڑھتی ہوئی ضروریات نے کاروباری برادری کے لیے نئے کاروبار کے قیام اور موجودہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کےلئے بے انتہاءمواقع پیدا کر دیے ہیں۔ موجود ضروریات اور طلب کو پورا کر کے کاروباری برادری منافع بخش کاروباری سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سفیر مسعود خان نے سفارتخانہ پاکستان میں پیپسیکو کے سینئر ایگزیکیٹوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پیپسی کو کے سینئر ڈائریکٹرز محمد کھوسہ اور کیرولین برسن نے مشروبات اور خوراک کے شعبے میں پاکستان میں کمپنی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی افغانستان جیسے علاقائی ممالک کو اپنی تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات کے لئے پاکستان کو بطور مرکز برو¿ے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار شدہ مصنوعات قطر، ملائیشیا اور فلپائن کو بھی برآمد کی جا رہی ہیں۔محمد کھوسہ نے بتایا کہ پیپسی کو پاکستان میں ہر سال 80 سے 90 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ میں پاکستانی مشنز کی طرف سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔پیسی کو کے ایگزیکیٹوز کی جانب سے امریکہ میں روڈ شوز اور نمائشوں کے انعقاد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور دیگر کاروباری اداروں اور تنظیموں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے ایسی سرگرمیوں کے انعقاد پر غور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن