گوتم بدھ کی زندگی،تعلیمات نے دنیا پر انمٹ اثر ات چھوڑے ، منیر اکرام
اسلام آبا د (خصوصی نامہ نگار) اقوام متحدہ میں پا کستان کے مستقل مندوب منیر اکرام نے کہا ہے کہ گوتم بدھ کی زندگی اور تعلیمات نے دنیا پر انمٹ اثر ات چھوڑے ہیں ، جس نے لاتعداد نسلوں کو امن، ہمدردی اور عدم تشدد کے راستے پر چلنے کی ترغیب دی ہے۔تفصیلا ت کے مطا بق اقوام متحدہ میں یوم ویساک کا انعقاد کیا جوتھائی لینڈ اور سری لنکا کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔سفیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین اور وادی سندھ نے ا±س تہذیب سے بہت بہرمند ہوئی ، جسے مہاتما بدھ اپنی تعلیمات کی شکل میں دنیا کے سامنے لائے تھے جیسا کہ ٹیکسلا کے قدیم شہر اور تخت بھائی کے مزار کی صورت گندھارا تہذیب کے آثار سے ظاہر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ویساک کا مقدس دن بدھا کی لازوال حکمت پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ امن، افہام و تفہیم اور انسانیت کا بدھا کا نظریہ قومی اور دیگر بین الاقوامی اختلافات کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے اور یہ نظریہ ہمارے موجودہ دور کی پیچیدگیوں اور ہنگامہ خیز چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب ایک انسانیت کے طور پر اکٹھے کھڑے ہونے کے اپنے عزم کی تجدید کریں، سب سے زیادہ متاثرہ طبقے کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور امن اور خوشحالی کی تلاش میں کسی کو پیچھے نہ چھوڑیں۔