پنجاب انتخابات: افسروںکی تعیناتی، اپیلوں کی سماعت کیلئے تجاویز الیکشن کمشن کو ارسال
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطا ن راجہ کی سر براہی میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں ہونے والے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کیلئے، مجاز افسروں کی تعیناتی اور اپیلوں پر سماعت کیلئے افسروں کی تعیناتی کی تجویز الیکشن کمیشن کو بھیج دی گئی ہے۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن، نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ، جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 144 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 297 حلقے ہیں جن میں انتخابات کے انعقاد کیلئے 41ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں اور 441 ریٹرننگ افسروں تعینات کئے جائیں گے۔ غیر جانبدار سرکاری افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔ صوبہ پنجاب میں تمام ضلعی الیکشن کمشنر ز نے عام انتخابات کیلئے تجویز کردہ 53ہزار 300 پولنگ سٹیشنزکی تصدیق مکمل کر لی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ اس ضمن میں الیکشن میٹریل اورپولنگ سٹا ف کی تربیت پر کام تسلی بخش طریقے سے جاری ہے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے کمیشن کو بریف کیا گیا کہ این اے 108فیصل آباد اور این اے 118ننکانہ صاحب میں نظر ثانی شدہ شیڈول کے مطابق 28مئی کو پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔
الیکشن کمشن