• news

آئی سی سی نے کرکٹ کو شامل کرنے کیلئے اولمپکس کمیٹی کو درخواست دیدی 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کی درخواست دیدی۔آئی سی سی کی جانب سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سامنے موقف رکھا ہے کہ کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بناکر بھارت کی مارکیٹ میں بڑی کمائی کی جاسکتی ہے۔دنیا بھر میں کرکٹ کے ایک رب سے زیادہ فینز ہیں اور 90 فیصد شائقین کرکٹ چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بنایا جائے، کرکٹ کو شامل کرنے سے بھارت میں اولمپکس رائٹس کی مد میں 130 سے 260 ملین ڈالر مل سکتے ہیں۔پیرس اولمپکس 2024 کیلئے آئی او سی کو محض 31 ملین ڈالر کے رائٹس ملے ہیں۔ اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھارتی بورڈ کے سربراہ جے شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔آئی سی سی کی تجویز ہے کہ اولمپکس میں مردو خواتین کی 6،6 کرکٹ ٹیمیں ٹی20 فارمیٹ پر کھیلیں گی تاہم کرکٹ کو شامل کرنے کا حتمی فیصلہ ممبئی میں آئی او سی کی اکتوبر میں ہونے والی میٹنگ میں کیا جائےگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی کے نئے فنانشل ماڈل کے تحت بھارتی بورڈ سب سے زیادہ کمائی کرے گا جسکو سالانہ 38.5 فیصد حصہ دینے کی تجویز سامنے آئی ہے یعنی بھارتی بورڈ سالانہ 230 ملین ڈالر (پاکستانی روپوں میں 66 ارب روپے سے زائد) بنتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن