• news

عمران نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تصویر بنوا کر سکیورٹی اہلکاروں کی تضحیک کی : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے خاتون کی تصویر آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جنریٹ کروا کر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی اور سکیورٹی اہلکاروں کو تضحیک کا نشانہ بنایا، درحقیقت ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا، یہ شخص جھوٹ بولتا ہے۔ انسانی حقوق اگر پامال ہوئے تو وہ عمران خان کے ہاتھوں ہوئے۔ عمران خان نے جتنا ملک کو رسوا کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، عمران خان منصوبہ بندی سے پاکستان کی ریاست پر حملہ آور ہوا۔ 9 مئی کے سانحہ پر پوری قوم کے دل افسردہ ہیں۔ ایسا کبھی دشمن نے نہیں کیا، مذمتی ڈراموں سے عمران خان کی جان نہیں چھوٹے گی۔ عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں آنا ہو گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر روز کوئی نا کوئی تماشہ کرتا ہے اور دھمکی دیتا ہے، پہلی دفعہ ان کو پتہ لگا ہے کہ قانون کے کٹہرے میں آنا کیا ہوتا ہے۔ عمران خان نے 14ماہ سے زمان پارک میں تماشا لگا رکھا ہے۔ عمران خان نے فارن فنڈنگ، توشہ خانہ کی چوری اور اپنی بیٹی ٹیریان کے کیسز سے بچنے کیلئے منصوبہ بندی کی تھی کہ کس کس جگہ پر حملہ آور ہونگے۔ سانحہ 9 مئی پر پوری قوم آبدیدہ ہے۔ جب عمران خان سے کرپشن پر جواب مانگا تو 9 مئی کا سانحہ پیش آیا۔ عمران خان کے دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے قومی خزانہ نہیں لوٹا تو تلاشی دے دیں مگر یہ قانون کو جواب دینے کی بجائے دنگے فساد کر رہا ہے۔ حکومت پر کوئی پریشر نہیں، حکومت کا کام ملک کے شہریوں کو تحفظ دینا ہے۔ انسانی حقوق کی پامالی نہیں ہونے دیں گے، جو خطوط لکھ رہے ہیں وہ اپنے کرتوت پر بھی غور کریں۔ کیپیٹل ہلز پر حملہ کرنے والے آج بھی جیلوں میں بند ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ہم نے اس وقت بھی ایسے اقدامات کی مذمت کی تھی اور اب بھی کرتے ہیں۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ پی ٹی وی سپورٹس اور پی ٹی وی کے حوالہ سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنہوں نے پی ٹی وی پر ڈاکہ ڈالا اس کی انکوائری ہونی چاہئے۔ 
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن