• news

9 مئی : آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی : آرمی چیف 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے۔ فوج اورعوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش قابل برداشت ہے نہ ہی قابل معافی ہے جبکہ سانحہ 9مئی میں ملوث مجرمان کے خلاف مقدمات آرمی ایکٹ اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہو رہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا۔ لاہور آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف نے جناح ہا¶س اورفوج کی ایک تنصیب کا بھی دورہ کیا، دورے کے موقع پر آرمی چیف کو 9 مئی (یوم سیاہ)کے واقعات پربریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع ہو چکی ہے جبکہ منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف مقدمات آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہو رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش قابل برداشت ہے نہ ہی قابل معافی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دشمن قوتیں، ان کے حامی جعلی خبروں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ دشمن کے ایسے تمام عزائم کو قوم کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔ انشاءاللہ بعد ازاں آرمی چیف نے سروسز ہسپتال لاہورکا بھی دورہ کیا اور ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی جو9 مئی کے واقعے میں سیاسی شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد آرمی چیف نے قربان لائنز کا بھی دورہ کیا اور پولیس حکام سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے پولیس کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے فسادات توڑ پھوڑ کے دوران پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کو سراہا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی صلاحیتوں میں اضافے، انٹیلی جنس شیئرنگ اور تربیت کے لئے فوج کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر-دی نیشن