میئر کراچی کا انتخاب، پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان
کراچی (آئی این پی ) بلدیاتی انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنیوالی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔ میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کی تمام تر کوششوں پر پانی پھر گیا، پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے سندھ کی حکمران جماعت پر الزام لگایا ہے کہ پی پی پی میئر کے انتخابی عمل میں پری پول دھاندلی کررہی ہے، پیپلز پارٹی عجلت میں میئر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے۔ پی ٹی آئی کراچی کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکے ہیں، میئر کا انتخاب شفاف طریقے سے ہونا چاہئے۔ پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ پیپلزپارٹی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سندھ پولیس کے ذریعے اغوا کر رہی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے منتخب افراد کو اغوا کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم عوامی مینڈیٹ قبول کرنے کو تیار نہیں۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ انتخابات میں تمام منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری 22 مئی کو ہوگی جبکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاون میونسپل کارپوریشن کی مخصوص نشستوں پر منتخب مخصوص افراد کی حلف برداری 10 جون کو ہوگی۔