پاکستان کی سلامتی ، استحکام کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے :امیر العظیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ، سیکرٹری لاہور خالد احمد بٹ نے کہا کہ رب کائنات کے مشکور وممنون ہیں جس نے سراج الحق کی حفاظت فرمائی اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ جماعت اسلامی کی قیادت کو جان سے زیادہ اسلام کی فکر ہے۔ قائد سراج الحق پر خود کش حملے کی ابھی تک فرانزک رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ حملہ آور کی نعش تک موجود ہے۔ 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں کہ حملے کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے۔ قائد سراج الحق کی لاہور آمد پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ سراج الحق پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر دم لیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام پی ایم جی چوک لوئر مال پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر (ژ وب بلوچستان) میں ہونے والے حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے میاں ذکر اللہ مجاہد، ملک شاہد اسلم، احمد جمیل راشد،عامر نثار خان، جبران بٹ نے بھی خطاب کیا۔ شیخ محمد انور، عبد العزیز عابد، ڈاکٹر محمود خان, اظہر بلال، سیف الرحمن،شعیب یعقوب ، صوفی خلیق احمد بٹ، میجر افتخار، حاجی ایاز احمدسمیت بڑی تعداد میں ورکرز نے شرکت کی۔