گرینڈ آپریشن:کروڑوں مالیت کی پٹرول پمپ سائٹ ،14 دکانیں واگزار
لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوانے کہاہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی اورسرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قابض افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔دریں اثناءکمشنرلاہورکی ہدایت پر ایل ڈی اے کے عملے نے گرینڈ آپریشن کرکے کروڑوں روپے مالیت کی پٹرول پمپ سائٹ اور14 دکانیں قبضہ مافیاسے واگزارکروالیں۔یہ قیمتی اراضی لیز پر دی گئی تھی۔آپریشن ٹیموں نے مین کالج روڈ ٹاون شپ پر 3 کنال پر مشتمل پٹرول پمپ سائٹ لیز کی مسلسل عدم ادائیگی پر سیل کرکے قبضہ واگزار کروایا۔واجبات کی مسلسل عدم ادائیگی پر عدالت میں کیس چل رہا تھا۔اورلاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹیموں نے آپریشن کیا۔ دوسری کارروائی میں ایل ڈی اے ٹیموں نے والٹن روڈ پیکیجز مال کے قریب واقع ایک مرلہ کی14دکانیں بھی واگزار کروا لیں۔دکانیں سیل کرکے ایل ڈی اے نے اپنے قبضہ میں لے لیں۔واگزار کروائی گئی دکانیں عرصہ دراز سے غیر قانونی طور پر قبضے میں تھیں۔آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر ہاﺅسنگ ظفر اقبال نے کی۔