• news

پاکستان بنانے‘ جلانے والوں میں فرق واضح‘ ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو گیا: خرم دستگیر


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزےر برائے توانائی خرم دستگےر خان نے گےپکو ہےڈ کوارٹر مےں پرےس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کی بجلی کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر نے ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کیا‘ سو میگا واٹ کی ٹرانسمیشن پر دو ارب کی لاگت آئی ہے۔ مشکل ترین حالات میں چار ماہ کی قلیل مدت میں ٹرانسمیشن لائن مکمل کی، شہباز شریف کے دور میں تین ہزار آٹھ سو میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔ پاکستان کی ترقی کا سفر جو سابق حکومت کے دور میں روکا گیاوہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، تھر سے مٹیاری تک دو سو 20کلو میٹر لائن ساڑھے تین ماہ میں بچھائی گئی ہے۔ چند روز میں تھر مٹیاری لائن کا افتتاح بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے اور جلانے والوں میں فرق واضح ہو گیا ہے۔9 اور 10 مئی کو کوئی عوامی ردعمل نہیں دیکھا، چند سو افراد سے زائد افراد سامنے نہیں آئے۔ مسلح جتھے سامنے آئے جنہوں نے جلاﺅ گھیراﺅ کیا۔ افواج پاکستان کی تنصیبات کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شواہد کی بناءپر ان بلوائیوں کے خلاف کارروائی ہو گی، انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ اس سال کے آخر میں صاف شفاف انتخابات سے عوامی حکومت آئے گی، بلوائیوں کو سیاسی اختلافات کی آڑ میں آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ نوٹیفکیشن معطل کر سکتے ہیں۔ سپیکر کو ہدایت نہیں دے سکتے۔ سپیکر قومی اسمبلی اس پر فیصلہ کریں گے، جن لوگوں کے استعفے منظور ہو ئے وہ واپس لینے کی کوئی شق آئین میں موجود نہیں کوئی نیا قانون کوئی نیا ضابطہ یا نئی عدالت نہیں بنائی جا رہی۔ سیاست میں اس طرح کا تشدد اور بلوا دوبارہ نہیں ہونا چائیے، پاکستان کو اس کا بڑا نقصان ہو رہا ہے۔ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی انتخابی کمپین کی قیادت نواز شریف چلائیں گے۔ عمران خان نے امریکہ میں لابنگ کیلئے کمپنیاں ہائر کر رکھی ہیں۔ زلمے خلیل زاد کے ٹویٹ سامنے ہیں حکومت اور پوری قوم کو بلیک میل کرنے کیلئے عمران خان نے متعدد بار کہا کہ نیوکلئیر ملک میں اسطرح کی خرابی ہو گی تو کیا ہوگا۔ پشاور سے کراچی تک اگر ایک سیاسی جماعت بلوا کرے گی تو یہ کہا جائے گا کہ اس ملک کے نےوکلئےر ہتھیار محفوظ نہیں ہیں۔
غلام دستگیر

ای پیپر-دی نیشن