• news

کچہ آپریشن : پولیس جزیرہ نما رجوانی میں داخل ، ڈاکومیرالٹھانی کا خفیہ ٹھکانہ تباہ 

لاہور+ کراچی (نامہ نگار+این این آئی + آئی این پی) کچہ میں ڈاکوﺅں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن 43 ویں روز میں داخل ہو گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان پولیس کچہ رجوانی میں داخل ہوگئی ہے اور جزیرہ نما رجوانی میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے سرغنہ میرا لٹھانی کے خفیہ ٹھکانے کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے جبکہ مزید پیش قدمی جاری ہے۔ پولیس نے کئی روز سے جزیرہ نما کچہ رجوانی کا محاصرہ کر رکھا تھا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈاکو دریائے سندھ کے درمیان وسیع و عریض آئر لینڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس کے خلاف بھاری ہتھیاروں سے مسلسل مزاحمت کرتے چلے آ رہے تھے، پولیس نے ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈاکوﺅں کی پوزیشنوں پر پن پوائنٹ فائرنگ کی اور ڈاکوﺅں کے مورچے اڑا کر رکھ دیئے۔ ڈی پی او رضوان عمر گوندل کے مطابق پولیس فورس نے جزیرہ نما کچہ رجوانی میں اغوا برائے تاوان کے سرغنہ میرا لٹھانی کے خفیہ ٹھکانے پر قبضہ کر لیا ہے۔ پولیس نے کچہ رجوانی میں انٹری کے لئے مختلف اطراف سے بکتر بند گاڑیوں کی مدد لیتے ہوئے کشتیوں کا استعمال کیا۔ اغوا برائے تاوان کے مغویوں کو باندھ کر رکھنے والی زنجیریں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ڈاکو میرا لٹھانی نے پولیس کے خلاف خندقیں کھود رکھی تھیں۔ کچہ رجوانی سے ڈاکوﺅں کو ہمیشہ کے لیے بے دخل کر دیا جائے گا۔ جاری کچہ آپریشن میں تین ڈاکو ہلاک، اٹھائیس گرفتار، پانچ سرنڈر ہوئے جبکہ بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ قبضہ میں لیا گیا۔ آر پی او بہاولپور بابر سعید کے مطابق اندرون کچہ میں پولیس نے ڈاکوﺅں کی درجنوں کمین گاہیں، خفیہ ٹھکانے اور مورچے تباہ و مسمار کر کے نذر آتش کر دئیے ہیں۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ کچے میں آپریشن کے دوران ہمیں فضائی سپورٹ حاصل نہیں، جس کے باعث ڈاکوﺅں کیخلاف مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔ پولیس کی حکمت عملی سے یہ مسئلہ صرف 4ڈسٹرکٹ تک محدود ہے۔ پولیس کے پلان کے نتیجے میں ہنی ٹیپ کا خاتمہ کیا گیا۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کچے کے ملزمان اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ گڈو اور سکھر بیراج کے درمیان یہ ایشو ہے۔ گھوٹکی، سکھر،کمشور کا کافی حصہ محفوظ ہے۔ سندھ حکومت نے275 کریمنلزکے سر کی قیمت مقرر کی، 20کے قریب لوگ سرنڈر کر چکے ہیں۔ اگر کریمنلز کے پاس جدید ہتھیار ہیں تو ہم بھی جدید ہتھیار خریدیں گے۔
کچہ آپریشن

ای پیپر-دی نیشن