• news

پاکستان چین روشن کل کیلئے شانہ بشانہ ، محسن نقوی : دوستی کی سالگرہ کا کیک کاٹا 

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر گزشتہ روز چینی قونصلیٹ گئے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاو¿ شیرین سے ملاقات کی اور انہیں پاک چین سفارتی تعلقات کے72سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور کیک کاٹا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، ہیلتھ کیئر، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں چین کے تعاون سے استفادہ کریں گے۔ پاک چین تعلقات کا نیا سال دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا۔ پاکستان اور چین ایک روشن کل کے لئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ضرورت کے وقت چین کی غیر متزلزل حمایت پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں سی پیک ایک سنگ میل ثابت ہورہا ہے۔ چینی قونصل نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان اور چین انتہائی با اعتماد دوست ہیں۔ پنجاب حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کپاس کی بوائی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو نقد انعامات دیئے جائیں گے اور کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنے پر متعلقہ عملے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو پانی، بیچ،کھاد سمیت کسی چیز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبہ بھر میں پانی چوری کے واقعات کی روک تھام کا حکم دیا۔ صوبہ بھر میں جعلی ادویات اور بیچ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500روپے مقرر کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن