• news

حج آپریشن کا پہلا روز: لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، کراچی سے پروازیں حجاز مقدس پہنچ گئیں 


لاہور/ فیصل آباد/ اسلام آباد/ کراچی/ جدہ/ مکہ مکرمہ (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی + ممتاز احمد بڈانی)حج پروازیں شروع ہو گئیں۔ آپریشن کے پہلے روز لاہور‘ کراچی‘ فیصل آباد‘ اسلام آباد سے خصوصی پروازیں عازمین حج کو لے کر حجاز مقدس پہنچیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے پہلی پرواز 316‘ لاہور سے 200 ‘ فیصل آباد سے 149 عازمین کو لے کر گئی۔ ائرپور ٹ پر ڈی جی‘ ڈائریکٹر حج اور متعلقہ سعودی حکام نے استقبال کیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کیلئے پی آئی اے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔ ائیرپورٹ پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر مدینہ منورہ ضیاءالرحمن نے وزارت مذہبی امور کے حکام کے ہمراہ استقبال کیا۔ مدینہ منورہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اس حوالے سے استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ جس سے خطاب کرتے ہو ئے عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ سب کو سعادت نصیب فرمائی۔ تمام عازمین حج اللہ پاک کے بابرکت گھر جا کر پاکستان کی سالمیت اور استحکام اور امن کے لئے خصوصی دعا کریں۔ تقریب سے ڈائریکٹر مدینہ نے کہا کہ حاجی کیمپ اور دیگر اداروں نے مل کر کوشش کی ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین سعودی قوانین کا احترام کریں اور اپنے اپنے گروپ کے ساتھ رہیں۔ اس موقع پر عازمین میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ دوسری طرف پاکستانی عازمین حج کا پہلا قافلہ وزارت مذہبی امور کی فراہم کردہ رہائش گاہ پہنچ گیا۔ مدینہ میں پاکستانی عازمین 8 دن قیام اور عبادت کریں گے۔
حج پروازیں

ای پیپر-دی نیشن