ملک کو سوڈان‘ لیبیا نہیں بنانا تو مذاکرات کی طرف آئیں: سراج الحق
کوئٹہ (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان ہے تو پاکستان ہے، صوبہ کے عوام بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں، بنیادی ضروریات زندگی کے علاوہ اب لوگوں کا مسئلہ جان کے تحفظ تک پہنچ چکا ہے، صوبائی حکومت صرف وزیراعلی ٰ سیکرٹریٹ تک محدود ہے، بلوچستان کے لوگوں کو اختیار اور ان کا حق دیا جائے، یہاں ہر سال اربوں کے فنڈز استعمال نہیں ہوتے، ہزاروں آسامیاں خالی ہیں مگر نوجوان بے روزگار ہیں، گوادر کے عوام سے کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کیا جائے، صوبہ میں فوج دوگنی بھی ہوجائے تو عوام کے تعاون کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے صوبے کے اہل دانش، قبائلی عمائدین اور دیگر موثر طبقات سے مشاورت کا آغاز کرے، تجاویز کی روشنی میں ایکشن پلان تیار کرکے اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے جاننا چاہتے ہیں کہ ان پر خودکش حملے میں کون ملوث ہے، مجھے کہا گیا کہ بلٹ پروف گاڑی استعمال کیوں نہیں کی، میرا جواب ہے کہ پھر ہر پاکستانی کو بلٹ پروف گاڑی دی جائے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی، زاہد اختر بلوچ، مولانا عبد الکبیر شاکر، حافظ نور علی اور دیگر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے مذاکرات کا آغاز کرنا ہوگا، ہم نے اس عمل کے آغاز کے لیے وزیراعظم، پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ مذاکرات ہی بہتری کا راستہ ہیں، عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے۔ جماعت اسلامی سویلین کے خلاف مقدمات کی ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے حق میں نہیں۔ ملک میں عدالتی نظام ہے، انسداد دہشت گردی کی بھی عدالتیں ہیں، واقعات میں ملوث افراد کا وہاں ٹرائل ہونا چاہیے۔ اگر حکومت، اسٹیبلشمنٹ ملک کو روانڈا، سوڈان اور لیبیا نہیں بنانا چاہتے تو ڈائیلاگ کی طرف آئیں۔ بلوچستان میں ہرطرف خون کے دھبے ہیں، معدنیات اور وسائل سے مالا مال صوبہ کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں مگر انہیں ان کا حق دینا ہوگا۔ کراچی میں شہری حکومت کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کراچی کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کراچی چیپٹر نے غیر مشروط طور پر جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ امید ہے تمام معاملات جلد طے پا جائیں گے۔ سراج الحق کی کوئٹہ سے کراچی آمد پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کراچی ائرپورٹ پر استقبال کیا۔ انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔ کارکنوں نے بڑی تعداد میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔