سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکسوں میں اضافہ، 200 ارب روپے ٹیکس وصولی متوقع
اسلام آباد(نا مہ نگار)سگریٹ انڈسٹری پر حالیہ ٹیکسوں میں اضافے سے حکومت کورواں سال تقریبا 200 ارب روپے ٹیکس وصول ہو نے کی توقع ہے۔ گزشتہ مالی سال میں تمباکو کی صنعت سے 148 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس وصول کیا گیا تھا،پاکستان میں تمباکو نوشی سے ہر سال 3لاکھ37ہزار 5سو اموات ہو تی ہیں۔حال ہی میں جاری ہو نے والی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 31ملین بالغ تمباکو استعمال کرنے والوں میں سے، ہر 94 میں سے ایک تمباکو نوشی کرنے والا سگریٹ کی قیمتوں میں زیادہ ٹیکس کے ساتھ اضافے کی وجہ سے سگریٹ نوشی چھوڑنے پر مجبور ہے اور بچت کو خوراک، تعلیم اور سہولیات کی ادائیگی جیسی دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خرچ کرتا ہے۔ تحقیقی مطالعہ اتوار کو جاری کیا گیا۔اس تحقیق کا عنوان ہے، ''تمباکو پر زیادہ ٹیکس پاکستان میں سگریٹ کی فروخت کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے'' ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور پشاور میں زمینی سروے کے حوالے سے دعوی کیا گیا کہ تمباکو نوشی کرنے والوں کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی)میں نمایاں اضافے کے بعد سگریٹ نوشی چھوڑنے پر مجبور کیا گیاجو اس سال فروری میں 146 فیصد سے 154 فیصدتک ہے۔