• news

جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی

جموں(این این آئی)  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی کوٹ بھلوال جیل جموں میں گنجائش سے زیادہ قیدی پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے قیدیوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جیل میں اس وقت 999قیدی ہیں جو اس کی گنجائش سے 10فیصد زیادہ ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایاکہ یہ معلومات جیل سپرنٹنڈنٹ نے ہائی کورٹ کے جج جسٹس تاشی ربسٹن کو جیل کے معائنے کے دوران دی ہیں۔عہدیدارنے بتایا کہ جسٹس ربسٹن کی قیادت میں چھ رکنی ٹیم نے جمعہ کو جیل کا دورہ کیا اور زیر سماعت قیدیوں اور جیل میں بند سزا یافتہ قیدیوں کی تعداد کے بارے میں دریافت کیا۔ ٹیم کو بتایا گیا کہ جیل میں 903قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت یہاں999 قیدی ہیں۔ انہیں عملے کی منظور شدہ تعداد میں کمی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ جیل میں اس وقت 579زیر سماعت، 353زیر حراست اور 67مجرم بند ہیں۔ ان میں سے17غیر ملکی شہری ہیں لیکن جیل میں کوئی خاتون قیدی نہیں ہے۔ حکام نے صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی کمی کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہاکہ بیمار قیدیوں کو دانتوں اور آنکھوں کے علاج کے لیے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑتاہے۔

ای پیپر-دی نیشن