• news

سوڈان: قطری سفارتخانے پر حملہ، توڑ پھوڑ، فریقین کا 7 روزہ جنگ بندی پر اتفاق 

جدہ‘ خرطوم‘ (این این آئی + آئی این پی) سعودی عرب اور امریکا نے اعلان کیا ہے کہ سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (سریع الحرکت فورسز) نے جدہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد مختصر مدت کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، امریکا کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سوڈان میں متحارب دونوں فریقین نے22 مئی سے شروع ہونے والی سات روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ جنگ بندی کو "دونوں فریقوں کی رضامندی سے بڑھایا جا سکتا ہے"۔ معاہدے میں دونوں فریقین نے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی ترسیل اور تقسیم، بنیادی خدمات کی بحالی، ہسپتالوں اور بنیادی عوامی سہولیات سے افواج کے انخلاءپر بھی اتفاق کیا۔ سابقہ معاہدوں کے برعکس سعودی شہر جدہ میں طے پانے والے نئے معاہدے کو امریکی، سعودی اور بین الاقوامی سرپرستی حاصل ہے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈانی فوج اور منحرف ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کے اعلان کے موقع پر کہا ہے کہ مملکت کی قیادت برادر سوڈانی عوام کی مشکلات کم کرنے اور ان کا خون بہانے کا سلسلہ روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے جدہ مذاکرات میں شریک سوڈانی فریقوں کے تعاون کو سراہا۔ ملکی فوج اور نیم فوجی باغی دستے کے ایک دوسرے پر فضائی حملے اور توپ خانوں کے تبادلوں نے سوڈان کے دارالحکومت کو ہلا کر رکھ دیا اور اسی دوران مسلح افراد نے قطری سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔ مسلح افراد سفارت خانے میں داخل ہوگئے اور توڑ پھوڑ کی۔ عمارت کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی۔ حملے کے وقت قطری سفارت خانے میں عملہ موجود نہیں تھا۔ قطر کی وزارت خارجہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عملے کو پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔
 سوڈان / دھاوا

ای پیپر-دی نیشن